ٹرمپ کو بڑا عدالتی دھچکا، سپریم کورٹ نے پیدائشی شہریت منسوخ کرنے کا منصوبہ مسترد کر دیا

Wait 5 sec.

واشنگٹن ڈی سی (30 جون 2026): امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا قانونی دھچکا دیتے ہوئے پیدائشی شہریت (Birthright Citizenship) کو منسوخ کرنے کی ان کی کوشش مسترد کر دی۔عدالت نے 3 کے مقابلے میں 6 ووٹوں سے فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ امریکی آئین کی چودھویں ترمیم کے تحت امریکا میں پیدا ہونے والے تقریباً تمام افراد امریکی شہریت کے حقدار ہیں، چاہے ان کے والدین کی امیگریشن حیثیت کچھ بھی ہو۔سپریم کورٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کے اس ایگزیکٹو آرڈر کو غیر آئینی قرار دیا جس کے تحت وفاقی اداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ اگر کسی بچے کے والدین میں سے کوئی بھی امریکی شہری یا قانونی مستقل رہائشی (گرین کارڈ ہولڈر) نہ ہو تو اس بچے کو پیدائش کے وقت امریکی شہریت نہ دی جائے۔اس حکم نامے کو پہلے ہی نچلی عدالت نے روک دیا تھا، جسے اب سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا۔چیف جسٹس جان رابرٹس نے اکثریتی فیصلہ تحریر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی آئین کی زبان، ایک صدی سے زائد عرصے پر محیط عدالتی نظائر، خصوصاً 1898 کے تاریخی مقدمے United States v. Wong Kim Ark، اس بات کی واضح تائید کرتے ہیں کہ امریکی سرزمین پر پیدا ہونے والے تقریباً تمام افراد کو پیدائشی شہریت حاصل ہوتی ہے۔یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کیلیے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ پیدائشی شہریت کو محدود کرنا ان کی سخت گیر امیگریشن حکمت عملی کا اہم حصہ تھا۔ سپریم کورٹ اس سے قبل بھی رواں سال ٹرمپ انتظامیہ کے عالمی ٹیرف سے متعلق ایک بڑے اقدام کو کالعدم قرار دے چکی ہے۔قانونی ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد پیدائشی شہریت کے اصول میں کسی بھی بڑی تبدیلی کیلیے صرف صدارتی حکم کافی نہیں ہوگا، بلکہ اس کیلیے آئینی ترمیم یا کانگریس کے ذریعے ایسا قانون درکار ہوگا جو آئینی تقاضوں سے مطابقت رکھتا ہو۔