ہنٹنگٹن کاؤنٹی : امریکا میں پالتو کتے کے کاٹنے سے7 دن کا بچہ موت کے منہ میں چلا گیا، جس کے بعد بچے کے والدین، دادا دادی اور دیگر افراد ایک اور نئی مصیبت میں مبتلا ہوگئے۔امریکی ریاست انڈیانا میں پیش آنے والے ایک ہولناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا، جہاں صرف 7 روز عمر کا ایک نومولود بچہ گھر کے پالتو کتے کے حملے میں جان کی بازی ہار گیا۔افسوسناک سانحے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کے والدین سمیت خاندان کے 6 افراد کے خلاف غفلت اور دیگر الزامات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ننھا جیسن اے ویور 4 ستمبر 2025 کو اس وقت جان لیوا حملے کا نشانہ بنا جب خاندان کا پالتو کتا ’چومپ‘ اس پر اچانک جھپٹ پڑا۔اطلاع ملتے ہی پولیس افسران فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور ابتدائی تحقیقات کا آّغاز کیا، بعد ازاں پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ بچے کے جسم پر 180 سے زائد خراشیں اور زخم موجود تھے، جبکہ دماغی شریانوں میں خون رسنے، پسلیوں کے فریکچر اور پھیپھڑوں کے شدید زخموں سمیت کئی اندرونی چوٹیں بھی پائی گئیں۔تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ واقعے کے وقت بچے کا والد آسٹن کنزی ویڈیو گیم کھیل رہا تھا، اسی دوران وہ مختصر وقت کے لیے دوسرے کمرے میں گیا، کچھ ہی دیر بعد بچے کے دادا تیموتھی کنزی زخمی نومولود کو بازوؤں میں اٹھائے دوڑتے ہوئے آئے اور ایمبولینس بلانے کیلیے شور مچایا۔دادا کے مطابق وہ باورچی خانے میں موجود تھے جب انہوں نے بچے کی آواز سنی۔ کمرے میں پہنچنے پر دیکھا کہ کتا "چومپ” بچے کو گھسیٹ رہا تھا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق خاندان کے افراد پالتو کتے کو بچے کے ساتھ نرم مزاج قرار دیتے تھے اور دعویٰ کرتے تھے کہ وہ بچے کے جھولے کو ہلاتا اور اس سے "محبت” کرتا تھا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ کتا دوسرے جانوروں کے ساتھ جارحانہ رویہ رکھتا تھا اور ماضی میں کئی افراد کو کاٹ چکا تھا۔تحقیقات میں گھر کے انتہائی خراب حالات بھی سامنے آئے، پولیس کے مطابق گھر میں اس قدر کچرا، گندے برتن، بکھرے کپڑے اور حشرات موجود تھے کہ چلنا بھی مشکل تھا۔ کاکروچ اور اڑنے والے کیڑے دیواروں، فرش اور یہاں تک کہ بچے کی کار سیٹ پر بھی موجود تھے۔حملے کے بعد ’چومپ‘ سمیت علاقے کے دیگر کتوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ جانوروں کے شیلٹر میں پالتو کتے میں کسی بیماری یا غیر معمولی جارحیت کے آثار نہیں پائے گئے، تاہم بعد میں اسے تلف کر دیا گیا۔پولیس نے بچے کے والد، والدہ، دادا، دادی، سوتیلے دادا اور چچا سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ تمام ملزمان اس وقت ہنٹنگٹن کاؤنٹی جیل میں قید ہیں، جبکہ مقدمے کی مزید کارروائی جاری ہے۔