واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ نے نئے ایئر فورس ون طیارے میں اڑان بھرلی تاہم پرانے صدارتی طیارے کو میوزیم میں منتقل کردیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی سفر کے لیے مختص نئے اور انتہائی جدید "ایئرفورس ون” طیارے میں اپنی پہلی پرواز کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ دیگر عالمی رہنماؤں کے پاس موجود جدید ترین طیاروں کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکی صدارتی طیارے کی یہ اپ گریڈیشن انتہائی ضروری تھی۔قطر کی جانب سے اس مہنگے اور پرتعیش طیارے کے تحفے پر اٹھنے والے مختلف سوالات اور تنقید کو یکسر مسترد کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ "ایسی شاندار پیشکش کو ٹھکرانا سراسر بیوقوفی ہوتی۔”جدید ترین سیکیورٹی: طیارے میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے ساتھ ساتھ دشمن کے میزائلوں کو ناکارہ بنانے والا جدید "میزائل ڈیفنس سسٹم” بھی نصب کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی فضا میں رہتے ہوئے دنیا بھر سے رابطے میں رہنے کے لیے طیارے کے کمیونیکیشن سسٹم کو اپ گریڈ کر کے اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے۔صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ یہ نیا طیارہ چار جولائی (یومِ آزادی) کو ہونے والی امریکی تاریخ کی سب سے بڑی فلائی اوور پریڈ کی قیادت کرے گا۔تاہم نئے طیارے کی آمد کے بعد اب پرانے صدارتی طیارے کو مستقل طور پر میوزیم کا حصہ بنا دیا جائے گا جہاں اسے عوام کے دیکھنے کے لیے رکھا جائے گا۔