چین کے شہر جن جیانگ میں جوتوں کی فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہو گئے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجیان صوبے کے جن جیانگ میں جوتوں کی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ سیکڑوں امدادی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔فیکٹری کی چھت پر پھنسے افراد کی دل دہلا دینے والی تصاویر سامنے آئی ہیں۔آگ کے بعد 200 سے زائد افراد کو بحفاظت فیکٹری سے نکال لیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ گراؤنڈ فلور پر آتش گیر مواد سے بھڑکی۔چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ قیمتی جانوں کے ضیاع کے ذمہ داروں کو سختی سے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔جن جیانگ دنیا کے تقریباً 20 فیصد اسپورٹس جوتے تیار کرنے والا بڑا صنعتی شہر ہے۔