تہران(10 جولائی 2026): ایران کی سیکیورٹی فورس پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر امریکا اور اسرائیل سے شدید انتقام لینے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ کبھی بھی تاریخ کے حافظے سے مٹایا نہیں جا سکتا۔ایرانی نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے اس واقعے پر "انصاف” اور ذمہ داروں کے خلاف جوابی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے امریکی فوج پر سنگین جرائم کے ارتکاب کا الزام لگایا۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ امریکا کے مجرم رہنماؤں، اسلامی انقلاب اور مزاحمتی فرنٹ کے تمام دشمنوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارے رہنما کے بزدلانہ قتل کے ذریعے وہ مزاحمت کے پرچم کو کبھی بھی سرنگوں نہیں کر سکیں گے۔احمد وحیدی کا مزید کہنا تھا کہ ’شہداء کا خون کا بدلہ لینا اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو سزا دینا‘ ایک ایسا مطالبہ ہے جو حتمی ہے اور اسے کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ کا یہ سخت بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز مشہد مقدس میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کی گئی ہے۔واضح رہے کہ وہ اور ان کے خاندان کے چار افراد چار ماہ قبل تہران میں امریکی و اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں شہید ہوئے تھے۔