تہران (12 جولائی 2026): ایران نے خطے میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے قطر، عمان، اردن، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا۔پاسداران انقلاب نے کہا کہ اُردن میں امریکی ایئر بیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور ایم کیو ڈرون ہینگر کو تباہ کر دیا ہے، قطر میں العدید ایئر بیس پر بیلسٹک میزائل داغے گئے۔عمان کی بندرگاہ دُقم میں لاجسٹک سپورٹ مراکز پر میزائل حملے کیے گئے، کویت اور بحرین میں بھی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، اسلحہ گودام اور ریڈار تنصیب کو نشانہ بنایا۔ متحدہ عرب امارات میں بھی دشمن کے اہداف پر حملے کیے۔الجزیرہ کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے عمان کی بندرگاہ دقم میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے لیے استعمال ہونے والے لاجسٹک سپورٹ مراکز اور ایندھن بھرنے کے پلیٹ فارمز پر ’’شدید اور اچانک‘‘ حملہ کیا۔ بندرگاہ دقم عمان کے جنوب مشرقی علاقے، صوبہ الوسطیٰ میں واقع ہے۔یو اے ای، قطر، کویت کا حملے ناکام بنانے کا دعویٰدوسری طرف متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت نے ایران کے حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، قطر اور یو اے ای نے کہا کہ ایران کے میزائل اور ڈرونز حملے ناکام بنا دیے گئے ہیں۔ قطری وزارتِ دفاع کے مطابق میزائل حملے کو روک دیا گیا، تاہم ملبہ گرنے سے بچے سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے ملک کا دفاعی نظام ایران سے داغے جانے والے میزائلوں اور ڈرونز کا مقابلہ کر رہا ہے، کویتی افواج کا کہنا ہے اس وقت ملک کی حدود میں دشمن کے فضائی حملوں کا سامنا ہے۔ دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن کے حملوں کو روکنے کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔ بحرین میں بھی ایرانی حملوں کے بعد سائرن بج اٹھے۔عمانی حکومت نے ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے صوبہ مسندم میں ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔ عمان نیوز ایجنسی کے مطابق ایک سیکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ صوبہ مسندم میں واقع مقامات کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ صوبہ مسندم عمان کا ایک پہاڑی علاقہ ہے جو آبنائے ہرمز تک پھیلا ہوا ہے اور اس کی سرحد متحدہ عرب امارات سے ملتی ہے۔