کیرالہ : بھارتی ریاست کیرالہ میں خوفناک لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے جبکہ کئی افراد لاپتا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 2 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے ہیں۔حکام نے واقعے میں مزید 7 افراد کے لاپتا ہونے کی بھی تصدیق کی، یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں واقع ‘میناکشی پل’ کے قریب ایک سرنگ کی تعمیر کا کام جاری تھا۔اسی دوران اچانک پہاڑی کا ایک بڑا حصہ نیچے آ گرا، جس کی زد میں وہاں کام کرنے والے مزدور اور کئی راہگیر آگئے، مٹی کے تودے گرنے سے آس پاس کے مختلف رہائشی اور تجارتی علاقے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے متاثرہ مقامات پر پہنچ کر بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے اور ملبے سے زخمیوں کو نکال کر فوری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر شفٹ کیا جا رہا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کے گھروں اور دیگر املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔حکام نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں مسلسل اور تیز بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے۔انتظامیہ نے مقامی شہریوں کو الرٹ رہنے اور حکومتی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مزید کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔