تہران : امریکی حملے کے بعد تہران سے مشہد جانے والی ٹرین سروس معطل کردی گئی ، تکنیکی اور آپریشنل ٹیمیں متاثرہ مقام پر مرمتی کام میں مصروف ہیں۔تفصیلات کے مطابق عالمی خبر رساں ادارے ‘الجزیرہ’ اور ایرانی میڈیا کی جانب سے کہا گیا کہ ایران پر حالیہ امریکی حملے کے نتیجے میں تہران اور مشہد کے درمیان چلنے والی مسافر ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ایرانی ریلوے حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکی فضائی حملے میں ریلوے ٹریک کا ایک حصہ براہِ راست نشانہ بنا ہے، جس کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت روکنا پڑی۔ایرانی ریلوے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ ٹریک کو بحال کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں ، ریلوے کی تکنیکی اور آپریشنل ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ مقام پر پہنچ چکی ہیں اور تباہ شدہ ٹریک پر مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی مرمت مکمل کر کے ٹرین سروس کو جلد از جلد بحال کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے اور ٹرین سروس معطل ہونے کی وجہ سے پھنسے ہوئے مسافروں کی سہولت کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے ہیں، اور انہیں اب بسوں کے ذریعے مشہد پہنچایا جا رہا ہے۔خیال رہے یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران کے شہر مشہد میں اہم ترین قومی و مذہبی تقاریب کی وجہ سے ملک بھر سے لاکھوں زائرین اور مسافروں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری تھا، جس کے باعث ٹرین سروس کی معطلی سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔