نیویارک(8 جولائی 2026): امریکی شہر نیویارک کے مصروف ترین علاقے مڈ ٹاؤن مین ہٹن میں ایک بلند و بالا عمارت کے گرنے کے شدید خطرے کے پیشِ نظر اسرائیلی قونصل خانے اور ایک اسکول سمیت آس پاس کی کئی عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق 1970 کی دہائی میں تعمیر ہونے والی اس کمرشل عمارت کو ان دنوں پرتعیش رہائشی اپارٹمنٹس میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس کے دوران بلڈنگ کے ڈھانچے کے کئی حصے کمزور ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔مڈ ٹاؤن مین ہٹن کی اس فلک بوس عمارت کے ستونوں میں اچانک خم پیدا ہو گیا ہے اور اس کی اینٹیں گرنا شروع ہو گئی ہیں۔عمارت کا ایک بڑا بیم گرنے کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کو جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔یہ عمارت مشہور کرائسلر بلڈنگ، گرینڈ سینٹرل ٹرمینل اور اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے انتہائی قریب واقع ہے، جس کی وجہ سے پورے علاقے میں معمول کی سرگرمیاں شدید متاثر ہو گئی ہیں اور پولیس و امدادی ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حفاظتی آپریشن شروع کر دیا ہے۔