بغداد(8 جولائی 2026): ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی عراق کے شہر نجف پہنچا دیا گیا ہے، جہاں عراقی حکام اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایئرپورٹ پر میت وصول کی۔ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے اہلِ خانہ کی نمازِ جنازہ نجف اشرف میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے روضۂ مبارک پر ادا کر دی گئی ہے۔نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید رہبر کا تاریخی جلوسِ جنازہ کربلا کی جانب رواں دواں ہے، جس میں لاکھوں سوگوار شریک ہیں۔ شہید خامنہ ای کے اہلِ خانہ کی میتیں کربلا میں روضۂ امام حسین علیہ السلام پر پہنچا دی گئی ہیں۔اس سے قبل گزشتہ روز ایران کے شہر قُم میں تاریخی جلوسِ جنازہ برآمد ہوا تھا جس میں لاکھوں افراد نے نم آنکھوں کے ساتھ اپنے رہبرِ اعلیٰ کو الوداع کہا۔ قُم میں جلوسِ جنازہ کے بعد شہید سید علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی میتیں رات کے وقت عراق منتقل کی گئی تھیں۔ذرائع کے مطابق نجف اور کربلا میں مراسمِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد میتیں دوبارہ ایران منتقل کی جائیں گی، جہاں جمعرات (کل) شہداء کی تدفین ان کے آبائی شہر مشہد میں روضۂ امام رضا علیہ السلام کے احاطے میں کی جائے گی۔