ٹوکیو(9 جولائی 2026): جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے قریبی شہر کوگا میں پولیس نے ایک خاتون نے ساتھ رہنے والی خاتون کے ہونٹ سوئی دھاگے سے سینے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔مقامی پولیس کے سینئر اہلکار ماکوتو ہیاما کے مطابق 42 سالہ متاثرہ خاتون نے کسی طرح گھر سے فرار ہو کر قریبی دکان میں پناہ لی اور وہاں موجود لوگوں کو ایک کاغذ کا ٹکڑا دکھایا جس پر لکھا تھا برائے مہربانی میری مدد کریں جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 49 سالہ خاتون مسائے ساکورائی کو تشدد کے شبہے میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 29 جون کو پیش آیا تھا جب ملزمہ نے مبینہ طور پر سوئی اور دھاگے کی مدد سے متاثرہ خاتون کے ہونٹ سی دیے تھے۔جاپانی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملزمہ کسی بات پر شدید غصے میں آ گئی تھی جس کے بعد اس نے یہ خوفناک قدم اٹھایا۔پولیس اس ہولناک واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا گھر میں کوئی تیسرا شخص بھی موجود تھا یا نہیں۔