مسلسل بارش سے نوئیڈا-گریٹر نوئیڈا کا ہوا برا حال، اسکول، دفتر اور انڈرپاس سب زیرِ آب

Wait 5 sec.

گزشتہ رات سے مسلسل ہو رہی موسلادھار بارش نے نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں معمولات زندگی کو مکمل طور سے درہم برہم کر دیا ہے۔ شہر کی سڑکوں، سرکاری دفاتر، انڈرپاس، رہائشی علاقوں اور تعمیراتی مقامات پر آبی جماؤ کی سنگین صورتحال دیکھنے کو ملی۔ کئی مقامات پر بارش کے سبب حادثے بھی پیش آئے۔ کہیں سرکاری دفاتر میں پانی بھر گیا تو کہیں زیر تعمیر بیسمنٹ دھنسنے سے باؤنڈری وال گر گئی۔ جبکہ دادری میں ایک مکان کی دیوار اچانک گڑنے سے بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا۔نوئیڈا کے سیکٹر-33 واقع اے آر ٹی او دفتر میں بارش کا پانی بھر جانے کے سبب پورا احاطہ تالاب میں تبدیل ہو گیا۔ دفتر کے کمرشیل، انفورسمنٹ اور آر ٹی او سمیت تمام کمروں میں پانی داخل ہو گیا، جس کی وجہ سے دفتر کا کام متاثر ہو گیا۔ ملازمین کمروں سے پانی نکالتے اور صفائی کرتے نظر آئے۔ دفتر کے احاطے کے باہر بنے نالے کی وقت پر صفائی نہ ہونے کی وجہ ڈرینیج سسٹم پوری طرح فیل ہو گیا۔ اس سے دفتر آنے والے لوگوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اے آر ٹی او نند کمار خود دفتر کی صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے دکھائی دیے اور انہوں نے نوئیڈا اتھارٹی کے افسران کو فون کر آبی جماؤ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ بارش کا اثر گریٹر نوئیڈا کے نیو دادری جنکشن اور شیوالک ہومز سوسائٹی کے پاس بنے انڈرپاس پر بھی دیکھنے کو ملا۔ انڈرپاس میں بھاری مقدار میں پانی بھر گیا، جس سے کئی کاریں اور دیگر گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔ پانی نکالنے کے لیے عارضی پمپ لگائے گئے ہیں، لیکن کئی جگہوں سے پانی دوبارہ انڈرپاس میں گرنے کی وجہ سے آبی جماؤ کی صورتحال برقرار ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عارضی اقدامات کے بجائے پانی نکالنے کا مستقل انتظام کیا جانا چاہیے، تاکہ ہر بارش میں لوگوں کو اس پریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں واقع شری رادھا اسکائی گارڈن سوسائٹی کے پاس زیر تعمیر ’لندن مارٹ‘ میں بیسمنٹ کی تعمیر کے دوران سڑک دھنس گئی اور پوری باؤنڈری وال گر گئی۔ حالانکہ اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، لیکن اس واقعہ نے تعمیراتی کام کے حفاظتی انتظامات پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ دوسری جانب نوئیڈا کے سیکٹر-63 میں بھی آبی جماؤ کے باعث ایک بڑا حادثہ سامنے آیا۔ سیکٹر-63 کے ای-45 واقع ایک کمپنی کی دیوار اچانک گر گئی۔بتایا جا رہا ہے کہ کمپنی کے کنارے بنی نالی جام ہونے سے سڑک پر پانی بھر گیا تھا، جس کے دباؤ کی وجہ سے دیوار گر گئی۔ راحت کی بات یہ رہی کہ واقعہ کے وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا، جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ واقعہ تھانہ سیکٹر-63 علاقے کا ہے۔ دادری علاقے میں بھی تیز بارش کی وجہ سے ایک مکان کی دیوار اچانک گر گئی۔ حادثے کے وقت خاندان کے ممبران گھر کے اندر ہی موجود تھے، لیکن وقت رہتے باہر نکل جانے سے سب کی جان بچ گئی۔ دیوار گرنے کے بعد مکان کا بڑا حصہ ملبے میں تبدیل ہو گیا۔ واقعہ کے بعد آس پاس کے لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے کئی علاقوں کے اسکول احاطوں میں بھی پانی بھر گیا، جس سے طلبہ اور اساتذہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ کئی اہم سڑکوں اور انڈر پاسوں پر پانی بھر جانے سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا۔ انتظامیہ مختلف مقامات پر پمپ لگا کر پانی نکالنے میں مصروف ہے، لیکن مسلسل بارش کے سبب حالات معمول پر آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔ مقامی لوگ نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں پانی نکالنے کے نظام کو مضبوط کرنے اور مستقل حل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔