متحدہ عرب امارات میں کام کے اوقات سے متعلق اہم اعلان

Wait 5 sec.

متحدہ عرب امارات میں دوپہر کے دوران کام کے اوقات سے متعلق اہم اعلان کردیا گیا ہے۔بیورو آف امیگریشن اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق یو اے ای میں گرمی کے موسم کے دوران ہر سال کی طرح اس سال بھی دوپہر کے وقت کڑی دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کی جا رہی ہے اور یہ پابندی 15 جون سے شروع ہو کر 15 ستمبر تک نافذ رہے گی جس کے تحت دوپہر 12:30 بجے سے لے کر شام 3:00 بجے تک کھلی جگہوں اور براہ راست دھوپ میں کام کرنے کی سخت ممانعت ہوگی۔اس قانون کو مسلسل 22 ویں سال لاگو کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کو گرمی سے پیدا ہونے والی تکالیف یا چوٹوں سے بچایا جا سکے اور کام کا ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ان قوانین کے مطابق کمپنیوں پر لازم ہے کہ وہ پابندی کے اوقات میں اپنے ملازمین کو آرام کے لیے سائے دار جگہیں فراہم کریں، اس کے ساتھ ساتھ کمپنیوں کو ٹھنڈک پہنچانے والے آلات جیسے پنکھے، پینے کا صاف پانی اور ہائیڈریشن کا دیگر ضروری سامان بھی مہیا کرنا ہوگا۔یہ پڑھیں: یو اے ای : کن ملازمین کی تنخواہوں میں 92 فیصد تک اضافہ؟کچھ ایسے کاموں کو اس پابندی سے چھوٹ حاصل ہوگی جنہیں تکنیکی وجوہات کی بنا پر روکا نہیں جا سکتا، ان کاموں میں اسفالٹ بچھانے اور کنکریٹ ڈالنے کے وہ کام شامل ہیں جنہیں پابندی کے وقت کے بعد تک مؤخر نہیں کیا جا سکتا۔اس کے علاوہ پانی، بجلی اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے ضروری ہنگامی مرمتی کام بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں، ایسے کام جن کے لیے عوامی زندگی اور نقل و حرکت پر اثرات کی وجہ سے مخصوص سرکاری اداروں سے اجازت نامہ لینا ضروری ہوتا ہے انہیں بھی اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔خلاف ورزی کرنے کی صورت میں کمپنی کو ہر ایک ملازم کے حساب سے 5000 درہم جرمانہ ہوگا جبکہ متعدد ملازمین کے متاثر ہونے کی صورت میں یہ جرمانہ زیادہ سے زیادہ 50000 درہم تک پہنچ سکتا ہے۔