نئی دہلی: حج 2027 کے لیے منتخب عازمین حج کی ابتدائی طبی جانچ، فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے اور اسے حج کمیٹی آف انڈیا میں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ اب عازمین 30 ستمبر تک کسی بھی سرکاری اسپتال سے مقررہ طبی جانچ کرا کے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔دلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی جانب سے جاری پریس بیان کے مطابق عازمین حج یکم اکتوبر تک اپنا فٹنس سرٹیفکیٹ اور حج اخراجات کی پیشگی رقم جمع کرانے کی رسید حج کمیٹی آف انڈیا کے پورٹل پر اپلوڈ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ دستاویزات دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر، حج منزل میں بھی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری سرکلر نمبر 11 کے مطابق بیرون ملک مقیم عازمین حج اپنے رہائشی ملک میں ترجیحاً کسی سرکاری اسپتال سے حاصل کردہ فٹنس سرٹیفکیٹ بھی پورٹل پر اپلوڈ کر سکتے ہیں۔بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ میڈیکل اسکریننگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے لیے ضروری طبی جانچ صرف سرکاری اسپتالوں یا سرکاری طبی مراکز سے کرانا لازمی ہے۔ ان میں سی بی سی، ٹی ایل ایف ٹی، کے ایف ٹی، سینے کا ایکسرے، بلڈ شوگر اور ای سی جی سمیت دیگر مقررہ ٹیسٹ شامل ہیں۔ نجی اسپتالوں یا نجی لیبارٹریوں سے کرائی گئی جانچ کی رپورٹس قابل قبول نہیں ہوں گی۔دہلی کے عازمین حج کے لیے حکومت نے 25 سرکاری اسپتالوں میں طبی جانچ کے انتظامات کیے ہیں۔ ان میں ایل این جی پی اسپتال، دہلی گیٹ، سی ٹی بی اسپتال، شاہدرہ، جی بی پنتھ اسپتال، دہلی گیٹ، ہیڈ گوار اسپتال، جگ پرویش اسپتال، ارونا آصف علی اسپتال اور مدن موہن مالویہ اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتال شامل ہیں۔ عازمین اپنی طبی جانچ کسی دوسرے سرکاری اسپتال سے بھی کرا سکتے ہیں۔عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اسپتالوں میں روزانہ مخصوص تعداد میں ہی افراد کا رجسٹریشن کیا جاتا ہے، اس لیے وہ صبح 9 بجے تک میڈیکل اسکریننگ سرٹیفکیٹ کا ابتدائی حصہ خود مکمل کر کے اپنے اصل آدھار کارڈ، اس کی ایک فوٹو کاپی اور 8 یا 10 پاسپورٹ سائز تصاویر کے ساتھ اسپتال پہنچیں۔