راجستھان کے مقامی بلدیاتی انتخاب 2026 کے نتائج میں حکمراں جماعت بی جے پی کو کانگریس زبردست ٹکر دیتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ بی جے پی کی سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے کے سب سے مضبوط گڑھ جھالاواڑ میں بی جے پی کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا ہے اور کانگریس کو زبردست کامیابی ملی ہے۔ جھالاواڑ ضلع کے 8 بلدیاتی اداروں میں کانگریس نے مکمل اکثریت حاصل کر لی ہے۔ جھالاواڑ نگر پریشد میں بی جے پی کا مکمل طور سے صفایا ہو گیا ہے اور کانگریس نے طویل عرصے بعد نگر پریشد پر قبضہ جما لیا ہے۔نظریاتی وفاداری نے تقسیم کے بعد بھی پارٹی کی روح کو برقرار رکھا، آئندہ بلدیاتی انتخاب میں بدلی تصویر نظر آئے گی: شرد پوارکانگریس جھالاواڑ نگر پریشد کے علاوہ بھوانی منڈی، خان پور اور ڈگ میں بھی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ دوسری جانب بی جے پی صرف جھالراپاٹن، اکلیرا اور منوہر تھانہ بلدیاتی اداروں میں جیت درج کر پائی ہے۔ جھالاواڑ ضلع کے پڑاوا نگر پالیکا میں کسی کو بھی واضح مینڈیٹ نہیں ملا ہے، لیکن عام آدمی پارٹی کنگ میکر کے کردار میں آ گئی ہے۔جھالاواڑ نگر پریشد کے 45 وارڈوں کے اعلان کردہ نتائج میں کانگریس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکطرفہ جیت درج کی ہے۔ جھالاواڑ نگر پریشد انتخاب میں کانگریس نے 29 پارشد سیٹیں جیتی ہیں۔ بی جے پی صرف 13 وارڈوں میں جیت حاصل کر سکی ہے اور آزاد امیدواروں نے 2 سیٹیں جیتی ہیں جبکہ عام آدمی پارٹی کو ایک سیٹ پر کامیابی ملی ہے۔ اب کانگریس کا نگر پریشد کا صدر اور نائب صدر بننا طے ہو گیا ہے۔ بی جے پی کے لیے یہ بڑا دھچکا مانا جا رہا ہے۔ جھالاواڑ نگر پریشد میں کانگریس نے 29 سیٹیں جیت کر 23 کے جادوئی ہندسے (اکثریت) کو آسانی سے پار کر لیا ہے، اب جھالاواڑ نگر پریشد کے صدر (سبھاپتی) کے عہدہ پر کانگریس کا بیٹھنا طے ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ راجستھان کا جھالاواڑ اور جھالراپاٹن علاقہ دہائیوں سے سابق وزیر وسندھرا راجے اور ان کے بیٹے دشینت سنگھ کا ناقابل تسخیر قلعہ مانا جاتا رہا ہے۔ اس انتخاب میں 45 میں سے 29 وارڈ جیت کر کانگریس نے بی جے پی کے اس مضبوط سیاسی گڑھ میں بڑی نقبل لگائی ہے، جو وسندھرا راجے لیے کافی بڑا دھچکا مانا جا رہا ہے۔ جھالاواڑ نگر پریشد جھالاواڑ-باراں لوک سبھا سیٹ کا حصہ ہے۔ یہاں سے وسندھرا راجے کے بیٹے دشینت سنگھ 5 بار سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ ان سے قبل 5 بار اس لوک سبھا حلقہ سے خود وسندھرا راجے رکن پارلیمنٹ رہ چکی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس کو جھالاواڑ نگر پریشد کے علاوہ بھوانی منڈی، ڈگ اور خان پور بلدیاتی اداروں میں بھی کامیابی ملی ہے۔ بھوانی منڈی میں کانگریس کو 26، بی جے پی کو 13 اور ایک سیٹ آزاد امیدوار کو ملی ہے۔ خان پور نگر پالیکا انتخاب میں کانگریس کو 18 اور بی جے پی کو 7 سیٹیں ملی ہیں۔ ڈگ میں کانگریس کو 14 سیٹیں اور بی جے پی کو صرف 6 سیٹیں ملی ہیں۔ پڑاوا نگر پالیکا میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں ملی ہے، لیکن وہاں کانگریس برتری میں ہیں۔ کانگریس کو 8 اور بی جے پی کو صرف 6 سیٹیں ملی ہیں۔ وہاں اب عام آدمی پارٹی کنگ میکر کے کردار میں ہے اور اسے 5 سیٹیں ملی ہیں، جبکہ ایک سیٹ پر آزاد امیدوار کو کامیابی ملی ہے۔