ٹرمپ کے بڑے بیٹے کی شادی کا خرچ کس روسی شخصیت نے اٹھایا؟ اہم انکشاف

Wait 5 sec.

واشنگٹن(15 ستمبر 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور ان کی اہلیہ بیٹینا نے تصدیق کی ہے کہ ان کی شادی کی تقریبات کے کچھ بڑے اخراجات روس کی ایک بااثر کاروباری شخصیت نے برداشت کیے ہیں۔برطانوی میڈیا اور تحقیقاتی ادارے ‘پرو پبلیکا’ کی رپورٹ کے مطابق اس روسی کاروباری شخصیت کا نام عمر کریملیو ہے، جو انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (آئی بی اے) کے صدر ہیں اور ان کے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ قریبی تعلقات بتائے جاتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور بیٹینا کی شادی رواں سال مئی میں بہاماس کے ایک نجی جزیرے پر ہوئی تھی۔جوڑے نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا کہ شادی کی تقریبات کی دو راتوں کی میزبانی عمر کریملیو نے کی تھی۔انہوں نے کریملیو کو اپنا قریبی دوست قرار دیتے ہوئے اسے ایک دوست کی جانب سے دیا گیا شادی کا قیمتی تحفہ قرار دیا اور اس پر اظہارِ تشکر کیا۔پرو پبلیکا کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بہاماس میں ہونے والی شادی کے بعد دو روزہ تقریبات ایک دوسرے جزیرے پر منعقد ہوئیں، جہاں ایک رات کے قیام کا کرایہ تقریباً ایک لاکھ ڈالر ہے۔رپورٹ کے مطابق کریملیو نے اس تقریب پر لاکھوں ڈالر خرچ کیے، جن میں تقریباً 70 ہزار ڈالر مالیت کا شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی شامل تھا۔اس انکشاف کے بعد امریکی میڈیا اور حکومتی اخلاقیات کی نگرانی کرنے والی تنظیموں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ٹرمپ جونیئر کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں ہیں۔تاہم صدر کے بیٹے کی جانب سے روس کے ساتھ گہرے روابط رکھنے والے شخص سے اتنے قیمتی تحائف اور مالی تعاون قبول کرنا مفادات کے ٹکراؤ اور غیر ملکی اثر و رسوخ کے حوالے سے اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔