مدھیہ پردیش کے آگر مالوا ضلع میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ جس میں ہفتے کے روز نل کھیڑا میں واقع ’ماں بگلامکھی مندر‘ کے قریب برساتی نالے میں عقیدت مندوں سے بھری ایک کار بہہ گئی۔ حادثے میں کار سوار 8 افراد کی موت ہو گئی۔ مہلوکین میں 3 بچے، 2 خواتین اور 3 مرد بتائے جا رہے ہیں۔ فی الحال مہلوکین کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ کار میں سوار عقیدت مند نل کھیڑا واقع ’ماں بگلامکھی مندر‘ میں درشن کے لیے پہنچے تھے۔ اسی دوران مندر کے قریب موجود برساتی نالے کو عبور کرتے وقت ان کی کار اچانک پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے پانی کا بہاؤ اتنا تیز ہو گیا کہ کار نالے میں بہہ گئی۔VIDEO | Eight killed as car falls into drain in Madhya Pradesh's Agar Malwa district: Police.Rescue Operation Underway.(Full video available on PTI Videos - https://t.co/d8jp61yd2p) pic.twitter.com/J5D4J02IYm— Press Trust of India (@PTI_News) September 19, 2026بتایا جا رہا ہے کہ بارش کے بعد برساتی نالے میں پانی کا بہاؤ کافی تیز تھا۔ اسی دوران کار ڈرائیور نے نالے کو پار کرنے کی کوشش کی۔ پانی کی تیز دھار میں گاڑی بے قابو ہو گئی اور بہہ گئی۔ حادثے کے بعد مقامی لوگوں میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی کار کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس کا نمبر مدھیہ پردیش کا ہی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ نالے میں بہہ جانے والی کار اور اس میں سوار افراد کی تلاش کے لیے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی گئی۔ ریسکیو ٹیم نے نالے کے آس پاس کے علاقے میں بھی تلاشی مہم چلائی۔ایک آفیسر نے بتایا کہ لاشوں کو باہر نکال لیا گیا ہے، لاشوں کی شناخت کی جا رہی ہے، اور سبھی لاشوں کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا جائے گا۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ نالے کے قریب نہ جائیں۔ حادثے کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہچ گئے۔ موقع پر عوام کے جم غفیر کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے حالات پر قابو پانے اور راحت رسانی مہم کو بہتر طریقے سے چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔