ملک کے مختلف حصوں میں جنوب مغربی مانسون مسلسل آگے بڑھ رہا ہے اور اگلے کچھ دنوں میں شمال مغربی ہندوستان تک مانسون کے فعال ہونے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی مختلف مقامات پر تیز سے بہت تیز بارش اور آندھی طوفان کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق مانسون اب شمالی بحیرہ عرب، گجرات، مدھیہ پردیش کے باقی حصوں اور راجستھان، ہریانہ کے کچھ حصوں تک پہنچ چکا ہے۔ آنے والے 4 سے 5 دنوں میں پنجاب، ہریانہ اور راجستھان کے بقیہ حصوں میں بھی مانسون آگے بڑھ سکتا ہے۔ شمال مغربی خلیج بنگال میں بنے ہوئے ’لو پریشر سسٹم‘ کے مزید مضبوط ہونے کی امید ہے۔ جس سے بارش کی سرگرمیاں مزید تیز ہو جائیں گی۔شمالی ہندوستان میں جموں کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 3 سے 9 جولائی کے درمیان کئی جگہوں پر بڑے پیمانے پر بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ساتھ ہی پنجاب، ہریانہ، دہلی اور اترپردیش کے مختلف حصوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔ کچھ مقامات پر تیز ہواؤں (60-70 کلو میٹر فی گھنٹہ تک) کے ساتھ آندھی اور بجلی گرنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ مغربی راجستھان میں گرد آلود آندھی اور تیز طوفان کا بھی امکان ہے۔وسطی ہندوستان میں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور دیگر علاقوں میں مسلسل بارش ہونے کا امکان ہے۔ کچھ مقامات پر تیز سے بہت تیز بارش اور مختلف مقامات پر شدید ترین بارش بھی ہوسکتی ہے۔ مشرقی ہندوستان میں اڈیشہ، جھارکھنڈ، بہار اور مغربی بنگال کے کئی حصوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔ خصوصاً 4 جولائی کو اڈیشہ اور مغربی بنگال کے کچھ علاقوں میں بہت زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔ ساتھ ہی آندھی طوفان اور بجلی گرنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ شمال مشرقی ہندوستان میں اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، اور دیگر ریاستوں میں بھی بارش جاری رہے گی۔ کئی جگہوں پر گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔مغربی ہندوستان میں گجرات، کوکن، گوا اور مہاراشٹر کے کئی حصوں میں اگلے ایک ہفتے میں مسلسل بارش کے آثار ہیں۔ جنوبی گجرات اور کوکن کے علاقوں میں کچھ مقامات میں شدید ترین بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جنوبی ہندوستان میں کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بھی مانسون فعال رہے گا۔ ساحلی کرناٹک اور کیرالہ میں شدید بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ مجموعی طور پر ملک کے بیشتر حصوں میں اگلے ایک ہفتے تک مانسون فعال رہے گا اور کئی ریاستوں میں شدید بارش، آندھی طوفان اور تیز ہوائیں چلتی رہیں گی۔