(4 جولائی 2026): ترکیہ صدر رجب طیب اردوان نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل امریکا اور ایران کے درمیان طے شدہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترکیہ صدر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو ترکیہ آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، بلوچستان میں بس حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہیں، حادثے میں قیمتی جانوں کی ضیاع پر افسوس ہے۔رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسلام آباد ایم او یو پر دستخط کا خیر مقدم کرتے ہیں، اور پاکستان کی امن کیلیے کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، لیکن اسرائیل معاہدے کو سبوتاژ کرنے کیلیے جارحیت کر رہا ہے، اسرائیلی افواج غزہ اور لبنان میں جارحیت کر رہی ہیں، ہم اس کی جارحیت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ایران کیساتھ طے پانے والی ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کا متن جاری کر دیاانہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات میں بہتری کی رفتار پر اطمینان ہے، عالمی امن کیلیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتہائی اہم ہے، ترکیہ پاکستان کی ہر شعبے میں بھرپور حمایت جاری رکھے گا، امن اور خوشحالی کی کوششوں کی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ امن، ترقی اور خوشحالی کیلیے پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اضافے سے متعلق بھی گفتگو ہوئی، خصوصی اقتصادی زونز کے معاملے پر متعلقہ وزارتیں قریبی روابط جاری رکھیں گی، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلیے بزنس کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کریں گے۔