تہران(4 جولائی 2026): ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے غیر ملکی فورسز کو آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی فوجی نقل و حرکت سے خبردار کردیا۔ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری کردہ اپنے ایک اہم بیان میں بیرونی طاقتوں کو سخت خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بیرونی قوتوں کی عسکری نمائش کا میدان نہیں بننے دیا جائے گا۔ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران ایک ذمہ دار طاقت ہے، لیکن وہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی غیر معمولی اور مشکوک فوجی نقل و حرکت پر سخت نظر رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے متعلقہ قوتوں کو خبردار کرتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کا امن و استحکام صرف اور صرف اس کی حدود سے جڑے ساحلی ممالک کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی بیرونی مداخلت کی یہاں کوئی گنجائش نہیں ہے۔کاظم غریب آبادی نے سخت لہجے میں انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر یا بیرونی طاقتیں خطے میں کسی بھی قسم کا بحران پیدا کرنے کی کوشش کریں گی، وہ اپنی اس مہم جوئی اور اس کے نتیجے میں نکلنے والے بھیانک نتائج کی خود ذمہ دار ہوں گی۔