پیٹرول میں ملاوٹ پر سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے

Wait 5 sec.

نئی دہلی : بھارت میں پیٹرول میں 20 فیصد ایتھنول کی آمیزش (ای20) کے حکومتی فیصلے پر حزبِ اختلاف اور صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت کا ملاوٹ شدہ پٹرول اس کے گلے پڑ گیا، بھارت میں 20 فیصد ایتھانول ملا پیٹرول (ای20) لازمی قرار دینے کی حکومتی پالیسی کے خلاف عوامی ردِعمل شدت اختیار کرگیا ہے۔بھارتی حکومت نے بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد اپنی متنازع پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے شہریوں سے افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔حالیہ تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب بھارت کے اٹارنی جنرل آر وینکٹارمانی نے عدالت میں سماعت کے دوران ای20 کو ایک ’تجربہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے نتائج آئندہ سال سامنے آئیں گے۔رپورٹ کے مطابق اگرچہ حکومت نے اس بیان کی سختی سے تردید کی ہے تاہم عدالتی کارروائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی غم و غصہ میں اضافہ ہوگیا۔حالانکہ بعد ازاں اٹارنی جنرل نے وضاحت بھی کی کہ ان کا ’تجربے‘سے مراد ایتھانول کی فراہمی کی مقدار تھی نہ کہ ایتھانول ملا پیٹرول کی پالیسی۔ لیکن اس وضاحت سے بھی عوامی تشویش میں کمی نہیں آئی۔رپورٹس کے مطابق متعدد صارفین نے شکایت کی ہے کہ ای20 پیٹرول استعمال کرنے سے ان کی گاڑیوں کی فیول ایوریج کم ہوگئی ہے جبکہ انجن اور دیگر پرزوں میں خرابی کے مسائل بھی سامنے آرہے ہیں۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر سیکڑوں صارفین نے گاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہونے سے متعلق شکایات درج کرائیں۔بھارتی وزیرِ پیٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری نے اس پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایتھانول ملا ایندھن ریسنگ کاروں میں بھی استعمال ہوتا ہے اور اس سے رفتار میں اضافہ ہوتا ہے البتہ فیول ایوریج میں معمولی کمی آسکتی ہے۔دوسری جانب اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی حکومتی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، کانگریس رہنما پریانک کھرگے کا کہنا ہے کہ حکومت نے مناسب مشاورت کے بغیر ای20 نافذ کیا اور اب شہریوں سے نقصانات کا ثبوت مانگ رہی ہے، حالانکہ سرکاری اعداد و شمار بھی ابھی مکمل نہیں ہوئے۔ادھر کانگریس کے حامی اور سماجی شخصیت تحسین پونا والا نے اتوار کو نئی دہلی میں ای20 پالیسی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہزاروں افراد احتجاج میں شرکت کے لیے دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔بھارتی حکومت کا مؤقف ہے کہ ای20 پیٹرول کے استعمال سے کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی، خام تیل کی درآمدات کم ہوں گی، قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور ایتھانول کی طلب بڑھنے سے کسانوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔بھارت میں پیٹرول کا شدید بحران : پمپوں پر ’نو اسٹاک‘ کے بورڈ آویزاں