شادی کی تقریب میں قیامت صغریٰ، 22 افراد جل کر کوئلہ بن گئے

Wait 5 sec.

کنشاسا : کانگو میں شادی کی خوشیاں اچانک ماتم میں بدل گئیں، خوفناک آتشزدگی سے 22 افراد ہلاک اور متعدد زخمی جبکہ اکثر لوگ دھویں میں پھنس گئے۔جمہوریہ کانگو کے دارالحکومت کنشاسا میں شادی کی تقریب کے دوران خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔حادثہ گزشتہ شب پیش آیا، جب شادی کی تقریب میں مہمان رقص میں مصروف تھے کہ اچانک عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، آگ تیزی سے پھیلنے کے بعد تقریب میں موجود افراد نے جان بچانے کے لیے باہر نکلنے کی کوشش کی۔رپورٹس کے مطابق عمارت سے باہر نکلنے کے راستے تنگ ہونے کے باعث بڑی تعداد میں مہمان ایک دوسرے میں پھنس گئے، دھویں سے دم گھٹنے کے باعث بھی کئی افراد مشکلات کا شکار ہوئے۔فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، تاہم شعلے ہفتے کی علی الصبح تک بھڑکتے رہے، امدادی کارکنوں نے عمارت کے اندر پھنسے متعدد افراد کو بحفاظت باہر نکالا، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں عمارت سے باہر نکال کر سڑک کنارے رکھ دی گئیں۔لنگوالا ضلع کے میئر نوربرٹ موشنگا نے ہلاکتوں کی تعداد 22 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ ملبے سے مزید لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔آتشزدگی کے بعد شادی ہال کا اندرونی حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی تصاویر میں عمارت کے اندر جلی ہوئی اشیا، راکھ اور ٹوٹا ہوا فرنیچر دکھائی دیا، جبکہ شدید گرمی کے باعث دو بڑی کھڑکیاں بھی پھٹ گئیں۔شہر کے میئر نے عمارت میں حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی معائنے سے واضح ہے کہ حفاظتی ضوابط پر عمل نہیں کیا گیا تھا۔