’تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن‘ (ٹی جی ایس آر ٹی سی) کی ایک خاتون بس کنڈکٹر نے اپنی ایمانداری کے ذریعہ سبھی کا دل جیت لیا ہے۔ دراصل بس میں ایک مسافر کا بیگ چھوٹ گیا تھا، جس میں 3 لاکھ روپے تھے۔ شاد نگر ڈپو کی خاتون کنڈکٹر نے روپے سے بھرے اس بیگ کو تصدیق کرنے کے بعد متعلقہ شخص کو واپس کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ شاد نگر باشندہ تاجر جہانگیر اپنی اہلیہ کے ساتھ حج بیت اللہ کے سفر پر جانے کی تیاری کر رہے تھے، اور ہفتے کے روز وہ بس کے ذریعہ حیدر آباد جا رہے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جہانگیر اور ان کی اہلیہ افضل گنج بس اسٹینڈ پر اترنے کے بعد نامپلی کی جانب چلے گئے۔ حالانکہ کچھ دیر کے بعد انہیں احساس ہوا کہ 3 لاکھ روپے سے بھرا بیگ بس میں ہی رہ گیا۔ اس درمیان بس میں موجود آر ٹی سی کنڈکٹر سریتا کی نظر اُس لاوارث بیگ پر پڑی۔ خاتون کنڈکٹر نے بلا تاخیر بس ڈرائیور نرسمہلو کو اس کی جانکاری دی۔ بعد ازاں دونوں نے روپے سے بھرے بیگ کو اپنے پاس حفاظت سے رکھ لیا۔دوسری جانب جہانگیر افرا تفری میں بس اسٹینڈ پر واپس آئے اور کنڈکٹر سریتا و ڈرائیور نرسمہلو سے اپنے بیگ کے بارے میں دریافت کیا۔ جہانگیر نے بیگ سے متعلق تفصیلات بتائیں، جس کے بعد کنڈکٹر سریتا اور ڈرائیور نرسمہلو نے تفصیلات کی تصدیق کی۔ اس کے بعد ڈرائیور اور کنڈکٹر نے 3 لاکھ روپے سے بھرا بیگ جہانگیر کے حوالے کر دیا۔ اس معاملے سے متعلق ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں کنڈکٹر سریتا کے ذریعہ بس میں 3 لاکھ روپے مسافر جہانگیر کے حوالے کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ بس ملازمین کی اس ایمانداری کی چہار جانب ستائش کی جا رہی ہے۔