واشنگٹن(7 ستمبر 2026): ڈیموکریٹ سینیٹر کرس مرفی نے ایران جنگ کو ’’چھوٹی بات‘‘ قرار دینے پر صدر ٹرمپ پر شدید تنقید کی ہے۔ڈیموکریٹ سینیٹر کرس مرفی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور فوجی کارروائی کو ”چھوٹی بات“ قرار دینے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خطرناک حد تک حقیقت سے دور قرار دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں سینیٹر کرس مرفی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا ایران جنگ کو معمولی نوعیت کا واقعہ سمجھنا انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تنازع کے نتیجے میں اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ امریکی فوجی اڈوں کو اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ملک کے پاس موجود میزائلوں کے ذخائر بھی تشویشناک حد تک کم ہو چکے ہیں۔سینیٹر مرفی نے ملک کو درپیش اندرونی معاشی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ امریکا میں کسانوں کے دیوالیہ ہونے کی شرح ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے اور عام امریکی خاندان پانچ ڈالر فی گیلن کے حساب سے مہنگا پٹرول خریدنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود ایران پہلے کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہو کر ابھرا ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوال کے جواب میں ایران کے خلاف جاری کارروائی کو ”بڑی بات نہیں“ یا ایک ”چھوٹی بات“ قرار دیا تھا، جس پر سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔