لاپاز(5 ستمبر 2026): بولیویا کے دارالحکومت لاپاز سے تیس کلومیٹر دور فوجی بیرکوں میں واقع آتش بازی کا سامان ذخیرہ کرنے کے مقام پر ہونے والے شدید دھماکے کے نتیجے میں دس افراد ہلاک جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے چند ہی سیکنڈ بعد موقع پر موجود افراد اپنی جان بچانے کے لیے بدحواسی میں ادھر ادھر بھاگتے رہے۔دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی زد میں آ کر قریبی درجنوں گھروں کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔ زخمی ہونے والوں میں ایک بچی بھی شامل ہے جو اس حادثے میں شدید جھلس گئی ہے۔حکام کے مطابق فائر فائٹرز اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، تاہم مزید دھماکوں کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو اہلکاروں نے شہریوں کو کم از کم ایک سو پچاس میٹر دور رہنے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔