جکارتہ : انڈونیشیا میں آتش فشاں پھٹنے سے صورتحال سنگین ہوگئی، جکارتا ایئر پورٹ سمیت آٹھ ہوائی اڈوں پر پروازیں معطل کردی گئیں جبکہ ۔بعض علاقوں میں اسکول بند کردیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں ماؤنٹ اناک کراکاٹو ایک بار پھر پھٹ پڑا، شدید آتش فشانی کے باعث راکھ کے بادل بلند ہوگئے جبکہ قریبی علاقوں میں دھماکوں جیسی آوازیں اور ارتعاش محسوس کیا گیا۔آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ کا بادل 15 کلومیٹر تک بلند ہوا، جبکہ دھماکے کے بعد لاوا فاؤنٹین کی صورت میں باہر نکلتا رہا۔ آتش فشانی کے مناظر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئے۔حکام کے مطابق راکھ کے بادل جاوا میں 20 ہزار فٹ جبکہ سماٹرا کی جانب 50 ہزار فٹ تک پھیل چکے ہیں، جس کے بعد حکام نے ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔انڈونیشین جیولوجیکل ایجنسی کے مطابق بڑے سونامی کا خدشہ نہیں، تاہم آتش فشانی سرگرمی کے باعث صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔وزیرِ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دارالحکومت کے جکارتا ایئرپورٹ سمیت 8 ہوائی اڈوں پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ دو دنوں میں 712 سے زائد پروازیں متاثر ہوئی ہیں، جبکہ 1 لاکھ 50 ہزار سے زائد مسافر مختلف ایئرپورٹس پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔فضا میں راکھ کے پھیلاؤ کے باعث بعض متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر کے اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔فضائی آلودگی اور راکھ کی وجہ سے شہریوں کی آنکھوں میں شدید جلن اور سانس لینے میں دشواری کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔حکام کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔