نئی دہلی میں 5 منزلہ عمارت اچانک منہدم، 6 افراد جاں بحق، متعدد طلبہ کے دبے ہونے کا خدشہ

Wait 5 sec.

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے 6 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد طلبہ کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔بھارتی دارالحکومت دہلی کے علاقے ستیہ نکیتن میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت اچانک منہدم ہوگئی، حادثے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے کے وقت عمارت میں دو سے چار درجن افراد موجود تھے، جن میں بڑی تعداد طلبہ کی تھی، عمارت اتوار کو دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے اچانک زمین بوس ہوئی۔ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے اب تک 12 افراد کو نکال لیا ہے، جن میں 6 جاں بحق اور 6 زخمی ہیں۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت مستحکم ہے، جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ برقرار ہے۔دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کا کہنا ہے کہ عمارت کے بیسمنٹ میں پانی جمع ہونے اور جاری مرمتی کام کے باعث عمارت کی بنیاد کمزور ہونے کا امکان ہے، تاہم حادثے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کا تقریباً 80 فیصد ملبہ ہٹایا جاچکا ہے جبکہ بیسمنٹ کا ملبہ باقی ہے۔ بعض طلبہ کے ملبے تلے سے مدد کے لیے فون کرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔عینی شاہد نے بتایا کہ عمارت گرنے کی آواز زلزلے جیسی تھی، ہر طرف دھواں اور گرد پھیل گئی تھی اور اس کے بعد ملبے تلے دبے طلبہ کی جانب سے ’’ہمیں بچاؤ‘‘ کی آوازیں بھی سنائی دے رہی تھیں۔حکام نے احتیاطی تدبیر کے طور پر ملحقہ عمارت خالی کرا لی ہے، جبکہ پولیس نے عمارت کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے حالیہ مرمتی یا کھدائی کے کام سمیت تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔