ٹورنٹو(5 ستمبر 2026): کینیڈین شہر اسکاربورو میں پاکستانی نژاد کینیڈین رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد کی رہائش گاہ کے باہر ان کی گاڑی کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے میں ٹورنٹو پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ٹورنٹو پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق واقعے میں ملوث چوبیس سالہ روشوِن کرافٹن کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مختلف فوجداری الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزم کو آئندہ منگل یعنی آٹھ ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں اس کے خلاف باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز ہوگا۔رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد نے ٹورنٹو پولیس کی فوری اور موثر کارروائی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گی۔یاد رہے کہ یہ واقعہ کینیڈا کے شہر اسکاربورو میں واقع محترمہ سلمیٰ زاہد کے گھر کے باہر پیش آیا تھا، جہاں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی کو آگ لگا دی تھی۔ پولیس کی جانب سے دوسرے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور کیس کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔