صنعا(6 اگست 2026): یمن کے حوثی باغیوں نے خلیج عدن میں دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔حوثی ترجمان کے مطابق گزشتہ ماہ سے لے کر اب تک نشانہ بنائے جانے والے یہ آٹھویں اور نویں سعودی آئل ٹینکر ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔دوسری جانب، سعودی حکام کی جانب سے حوثی باغیوں کے ان دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ یمنی حکام کےمطابق یمنی ساحل کے قریب بندرگاہ مخا جانے والے بھارتی مال بردار جہاز کو دھماکا خیز کشتی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز ڈوب گیا، یمنی وزیر نے حملے کا الزام حوثیوں پر عائد کیا۔یمنی بحریہ اور کوسٹ گارڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جہاز کے تمام عملے کو بحفاظت ریسکیو کر لیا، یمن کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے تجارتی جہاز پر حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔