سنگرور: کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے پنجاب میں منشیات کے مسئلے کو ریاست کا سب سے بڑا درد قرار دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی اور وزیراعلیٰ بھگونت مان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ سنگرور میں کانگریس کی ’انصاف ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کو نشے سے پاک کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن ریاست کے کس حصے سے منشیات ختم ہوئی ہیں؟راہل گاندھی نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں نے بھگونت مان اور عام آدمی پارٹی پر بھروسا کیا تھا، مگر منشیات کا مسئلہ برقرار ہے۔ انہوں نے مان کے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ جب وہ لوک سبھا کے رکن تھے تو صبح 11 بجے ان کے منہ سے شراب کی بو آتی تھی۔ راہل گاندھی نے کہا، ’’اگر وہ شراب پینا چاہتے ہیں تو یہ ان کا نجی معاملہ ہے، لیکن اگر منشیات کے خلاف لڑنا ہے تو وزیراعلیٰ ہر شام نشہ نہیں کرسکتا۔‘‘انہوں نے کہا کہ پنجاب کو ایسے وزیراعلیٰ کی ضرورت ہے جو ریاست کے مسائل اور عوام کے درد کو سمجھے، اور جس کی جماعت میں بھی پنجاب کے لیے کام کرنے والے لوگ ہوں۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی نے اقتدار میں آنے سے پہلے منشیات ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔کانگریس رہنما نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ جو ہوا، وہ پنجاب میں ایک ’’فیشن‘‘ بنتا جارہا ہے۔ ان کے مطابق جس ذہنیت نے موسے والا کو گولی ماری، وہی سوچ ریاست میں پھیل رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے لیے کام کرنے والوں کو ڈرایا دھمکایا جاتا ہے اور بعض کو سرِعام گولی مار دی جاتی ہے۔راہل گاندھی نے مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ نے پنجاب میں تین سال کے اندر منشیات ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن مرکز کی حکومت ایک سال میں ہی ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے گجرات میں گوتم اڈانی کی بندرگاہ پر منشیات پکڑے جانے کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ اس سلسلے میں امت شاہ نے کیا کارروائی کی۔पंजाब ने AAP पर भरोसा किया, भगवंत मान पर भरोसा किया। वादा था - नशा मिटा देंगे।मैं पूछता हूं, पंजाब के किस कोने से आपने नशा मिटाया?पंजाब को ऐसा मुख्यमंत्री चाहिए जो उसका दर्द समझे, नशे के खिलाफ पूरी ताकत से लड़े और युवाओं का भविष्य बचाए।भगवंत मान जी, सवाल पंजाब की एक पूरी… pic.twitter.com/eNLhRKLYnj— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) November 4, 2026انہوں نے امت شاہ کے قانون و نظم سے متعلق بیانات پر بھی سوال اٹھایا اور منی پور کا ذکر کرنے کو کہا۔ راہل گاندھی نے پنجاب حکومت کے کام کاج پر تبصرہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت دہلی سے چلائی جارہی ہے، جہاں اس کی ’’آدھی لگام‘‘ امت شاہ اور آدھی اروند کیجریوال کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت بننے پر پنجاب کا وزیراعلیٰ ریاست کو پنجاب سے چلائے گا۔