تہران : ایران نے 6 ہزار کلومیٹر رینج کے بیلسٹک میزائل بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا رینج کو بڑھا کر 15 ہزار کلومیٹر تک بھی لے جایا جا سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل حیات مقدم نے بیان میں کہا ہے کہ ایران 6 ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران کی وزارتِ دفاع اور پاسدارانِ انقلاب مشترکہ طور پر 6 ہزار کلومیٹر رینج کے میزائل تیار کر سکتے ہیں، جس کے لیے باقاعدہ طور پر وزیرِ دفاع سے بین البراعظمی میزائلوں کی تیاری کی درخواست کر دی گئی ہے۔جنرل حیات مقدم نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے تیار کردہ نئے بیلسٹک میزائل براہِ راست امریکی سرزمین تک پہنچنے کے لیے کافی ہوں گے۔FOLLOW US ON ARY TUBEانہوں نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر ان میزائلوں کی رینج کو بڑھا کر 15 ہزار کلومیٹر تک بھی لے جایا جا سکتا ہے۔ایٹمی پروگرام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ ایٹمی بم کی تیاری فی الحال قومی سلامتی کمیشن کے سرکاری ایجنڈے میں شامل نہیں، پارلیمنٹ کے کچھ ارکان نے انفرادی تقاریر میں جوہری ہتھیاروں کا ذکر ضرور کیا ہے، تاہم اس پر کوئی باضابطہ بحث یا کارروائی نہیں ہوئی۔انہوں نے واضح کیا کہ ایٹمی بم کی تیاری یا اس سمت میں کوئی بھی قدم اٹھانے کے لیے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی باضابطہ اجازت اور فتویٰ درکار ہوگا۔