لندن (چوہدری عبدالرحمن سجاد): شمال میں ٹک ٹاک پر چھوٹی کشتیوں سے غیرقانونی امیگریشن کی تشہیر کرنے والا شخص گرفتار کر لیا گیا۔29سالہ ملزم کو برینٹ سے گرفتار کیا گیا اور پولیس نے ملزم کا موبائل فون بھی تحویل میں لےلیا۔ ملزم ٹک ٹاک سے برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی کیلئے غیرقانونی سفر کی تشہیر میں ملوث تھا۔نیشنل کرائم ایجنسی نے آن لائن غیرقانونی امیگریشن سروسز کے خلاف تحقیقات تیز کر دی ہیں۔ این سی اے کا کہنا ہے کہ منظم امیگریشن جرائم میں ملوث نیٹ ورکس کو ختم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ این سی اے نے غیرقانونی کراسنگ کی تشہیر کرنے والے آن لائن پلیٹ فارمز کو ہدف بنا لیا ہے۔ہوم آفس کا کہنا ہے کہ چھوٹی کشتیوں پر جگہیں فروخت کرنے والے 18ہزار سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہٹائے گئے ہیں جب کہ برطانوی حکام کی جانب سے سوشل میڈیا پر غیرقانونی امیگریشن کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔