کویت سٹی : کویت میں سرکاری و نجی گاڑیوں سے ڈیزل چوری کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا، پولیس نے 41 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔کویت کی وزارتِ داخلہ نے سرکاری اور نجی اداروں کی گاڑیوں سے ڈیزل چوری کرکے فروخت کرنے والے منظم نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 41 افراد کو گرفتار کرلیا۔کویتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کریک ڈاؤن کے دوران جرم میں استعمال ہونے والی 38 گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں، ملزمان انتہائی منظم طریقے سے گاڑیوں سے خفیہ طور پر ڈیزل نکال کر ٹینکروں میں جمع کرتے اور ملک بھر کے مختلف شہروں میں فروخت کرتے تھے۔حکام کے مطابق متعدد ڈرائیور اپنی ملازمت کے دوران ان کے حوالے کی گئی گاڑیوں سے خفیہ طور پر ڈیزل نکالتے اور اسے امغارہ کے علاقے میں ایک مقام پر منتقل کرتے تھے، جہاں چوری شدہ ڈیزل ٹینکروں میں جمع کرنے کے بعد فروخت کردیا جاتا تھا۔تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ایک کویتی شہری مبینہ طور پر ڈیزل ذخیرہ کرنے اور چوری شدہ ایندھن کی منتقلی کے لیے استعمال ہونے والے ٹینکرز کو ماہانہ ایک ہزار 600 کویتی دینار کے عوض کرائے پر دیتا تھا اور اسے علم تھا کہ ٹینکرز غیر قانونی سرگرمی کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں۔سکیورٹی اہلکاروں نے نگرانی اور تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان کو ڈیزل چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا، جبکہ دیگر مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا جو مبینہ طور پر چوری شدہ ڈیزل جمع کرنے میں ملوث تھے۔وزارت داخلہ کے مطابق کارروائی کے دوران ڈیزل چوری، فروخت اور خریداری سمیت مختلف جرائم میں ملوث 41 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سرکاری اداروں اور نجی کمپنیوں کی ملکیت 38 گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئیں۔کویتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں ملک میں چوری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا حصہ ہیں۔کویت میں حزب اللہ سے وابستہ خطرناک نیٹ ورک بے نقاب