واشنگٹن(3 ستمبر 2026): امریکا میں ڈیلٹا ایئر لائنز کا ایک مسافر طیارہ ٹیک آف کے صرف چار منٹ بعد پائلٹ کی اچانک طبیعت بگڑ جانے کے باعث واپس اتارجانا پڑا۔امریکی میڈیا کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز 1208 منیاپولس-سینٹ پال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ روانگی کے فوری بعد پائلٹ کو ایک طبی مسئلہ پیش آگیا۔جس کے پیشِ نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر طیارے کو فوری طور پر واپس اسی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔ایئر لائن کے ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ پائلٹ، عملے اور مسافروں کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔ یہ واقعہ 31 اگست کو پیش آیا، اور اس پرواز میں کل 178 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے۔امریکی میڈیا کے مطابق پائلٹ کو پیش آنے والے طبی مسئلے کی نوعیت کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں تاہم طیارے کو لینڈ کرانے کے بعد عملے کے نئے ارکان کو تعینات کر کے پرواز کو دوبارہ منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔