ٹورنٹو: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں طوفانی ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش نے چند گھنٹوں میں شہر زیرِ آب آگیا۔تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں شدید طوفان اور موسلادھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔چند گھنٹوں کے دوران شہر کے بعض علاقوں میں 150 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث سڑکیں اور رہائشی علاقے زیرِ آب آگئے۔ٹورنٹو کے سٹی مینیجر پال جانسن نے بارش کی شدت کو ’’100 سالہ طوفان‘‘ قرار دیا۔طوفان کے دوران تیز ہواؤں، شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث درخت اور بجلی کی تاریں گر گئیں جبکہ متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں اور مختلف سڑکیں آمدورفت کے لیے بند کرنا پڑیں۔ شدید موسم کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی اور ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔شدید بارش اور طوفانی ہواؤں سے روجرز اسٹیڈیم کو بھی نمایاں نقصان پہنچا۔ 50 ہزار افراد کی گنجائش رکھنے والے اوپن ایئر اسٹیڈیم کے اسٹینڈز کے متعدد حصے متاثر ہوئے، نشستیں اور دیگر ڈھانچے بکھر گئے جبکہ بعض گرینڈ اسٹینڈز جزوی طور پر منہدم ہوگئے۔اسٹیڈیم کی انتظامیہ کے مطابق واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔طوفان کے باعث ٹورنٹو میں ٹرانسپورٹ سروسز بھی متاثر ہوئیں، جبکہ شہر کے مختلف حصوں میں صفائی اور بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال معمول پر لانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔