شدھی کرن تنازعہ: ’24 دن گزر جانے کے بعد بھی نہیں ہوئی ایف آئی آر‘، کھڑگے نے مرکزی وزیر نڈا کو لکھا خط

Wait 5 sec.

اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی ریلی کے بعد ’شدھی کرن‘ کے معاملہ پر ہنگامہ ہنوز جاری ہے۔ اب اس معاملہ میں راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد کھڑگے نے مرکزی وزیر جے پی نڈا کو ایک خط لکھا ہے۔ اس خط میں ملزمین کے خلاف اب تک ایف آئی آر درج نہ ہونے پر سخت ناراضگی ظاہر کی گئی ہے۔ اس خط پر 2 ستمبر کی تاریخ ہے، لیکن کھڑگے نے اسے 3 ستمبر کو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کیا ہے۔کھڑگے نے اپنے خط کو شیئر کرنے کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’راجیہ سبھا میں ایوان کے لیڈر جے پی نڈا کو خط لکھ کر ہلدوانی میں میری ریلی کے بعد رام لیلا میدان میں کرائے گئے ’شدھی کرن‘ کے سنگین معاملہ میں ان کے ذریعہ ایوان میں کی گئی یقین دہانی کی میں نے یاد دلائی ہے اور گزارش کی ہے کہ اس پر فوراً کارروائی ہونی چاہیے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’24 دن گزر جانے کے عبد بھی اس نفرت انگیز واقعہ کے لیے ذمہ دار اشخاص و تنظیموں کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔‘‘سوشل میڈیا پوسٹ میں کھڑگے نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ یہ معاملہ ذاتی طور پر ان کے یا کانگریس صدر عہدہ سے بالاتر وسیع تناظر میں کروڑوں کے جذبات سے جڑا ہے، جو اس ظالمانہ حقیقت سے روز روبرو ہوتے رہتے ہیں۔ ایسے غلط لوگوں کو سبق دینا ضروری ہے۔ نڈا کو مخاطب کرتے ہوئے وہ لکھتے ہیں کہ ’’ان دلیلوں اور راجیہ سبھا میں کی گئی یقین دہانی کو پیش نظر رکھتے ہوئے آپ وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ کو رام لیلا میدان پر ہوئے شدھی کرن واقعہ میں ملوث اشخاص اور تنظیموں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دیں۔‘‘ وہ لکھتے ہیں کہ ’’یہ یقینی بنائیں کہ ہلدوانی میں میرے جلسۂ عام کے بعد رام لیلا میدان پر ہوئے شدھی کرن کے اس واقعہ میں ملوث اشخاص اور تنظیموں پر ایف آئی آر درج کریں۔‘‘राज्यसभा में नेता सदन श्री @JPNadda को पत्र लिखकर हल्द्वानी में मेरी जनसभा के बाद रामलीला मैदान में कराए गए शुद्धीकरण (purification) के गंभीर मामले में उनके द्वारा सदन में दिए गए आश्वासन की मैंने याद दिलाई है और आग्रह किया है कि इस पर तुरंत कार्रवाई होनी चाहिए।24 दिन बीत जाने… pic.twitter.com/QWtFACaSg6— Mallikarjun Kharge (@kharge) September 3, 2026شیئر کردہ خط کے مطابق کھڑگے نے نڈا کو لکھا ہے کہ ’’آپ کو یاد ہوگا کہ مورخہ 13 اگست کو راجیہ سبھا میں بہت تکلیف اور درد کے ساتھ میں نے ہلدوانی میں ہوئے میرے 8 اگست 2026 کے جلسہ کے بعد چھواچھوت پر مبنی شدھی کرن کا معاملہ اٹھایا تھا۔ میرے ذریعہ کی گئی مداخلت پر ایوان میں آپ نے کھڑے ہو کر کہا تھا— سر، عزت مآب کھڑگے جی نے جو کہا ہے، وہ سچ میں بہت ہی تکلیف دہ بات ہے۔ یہ صرف کانگریس پارٹی کے لیے تکلیف دہ نہیں ہے، بلکہ یہ ہم سب کے لیے تکلیف دہ ہے۔ ...جو بھی بات ہوئی ہے، اس کی تحقیقات ضرور ہوگی۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ اس طرح کی سرگرمی کو بی جے پی کبھی بھی سپورٹ نہیں کرتی ہے۔ میں اس کی مذمت کرتا ہوں اور قومی صدر بھی اس کو گہرائی سے دیکھیں گے۔ آپ کے جذبات کو جو ٹھیس پہنچی ہے، وہ ہم سب کے لیے افسوس کا موضوع ہے۔‘‘ خط میں کھڑگے آگے لکھتے ہیں ’’آپ نے کہا تھا کہ جانچ کے بعد جو بھی قصوروار پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عزت مآب چیئرمین، راجیہ سبھا نے بھی اس واقعہ پر دُکھ کا اظہار کیا تھا۔ لیکن مجھے حیرانی ہے کہ اس واقعہ کے 24 دن گزر جانے کے بعد بھی ہلدوانی میں اس نفرت انگیز واقعہ کو انجام دینے والی متعلقہ تنظیموں اور لوگوں پر ایف آئی آر تک درج نہیں کی گئی ہے۔‘‘خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’اس واقعہ کی سب سے قابل اعتراض بات یہ تھی کہ رام لیلا میدان کی اس جگہ پر، جہاں میں نے ریلی سے خطاب کیا، وہاں پر ہندوستانی آئین کے جذبات اور انسانی اقدار کے برعکس شدھی کرن کرایا گیا۔ یہ عام طور پر سبھی سمجھتے ہیں کہ شدھی کرن کا یہ عمل سیدھے سیدھے چھواچھوت سے جڑا ہے۔ ایسی کئی مثالیں ہیں۔ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے مہاڑ تحریک میں تالاب سے پانی پیا تھا، تب بھی نسلی تکبر سے بھرے لوگوں نے 108 گھڑے گئوموتر اور گوبر ڈال کر منتر پڑھنے کے ساتھ شدھی کرن کیا تھا۔ صرف منتر پڑھنے یا ہون کرنے سے شدھی کرن کے نسل پرستی پر مبنی عمل کو پاکیزہ نہیں بنایا جا سکتا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتے ہیں کہ ’’میں اس بات کو وضاحت کے ساتھ کہنا چاہوں گا کہ یہ معاملہ ذاتی طور پر میرے یا کانگریس کے صدر عہدہ سے بالاتر وسیع تناظر میں کروڑوں لوگوں کے جذبات سے جڑا ہے، جو اسے ظالمانہ حقیقت سے روزانہ رو برو ہوتے رہتے ہیں۔ ایسے غلط لوگوں کو سبق دینا ضروری ہے۔ اس لیے یہ تکلیف میری نہیں بلکہ ایسے کروڑوں لوگوں کا اظہار ہے، یہ ایسی ذہنیت کا معاملہ ہے، جس سے سماج کا ایک طبقہ براہ راست جڑا ہے۔ اس وجہ سے میں نے ایوان میں حکومت کی توجہ مبذول کرنے کے لیے اس ایشو کو اٹھایا تھا۔‘‘خط کے آخر میں نڈا سے مخاطب ہوتے ہوئے کھڑگے نے لکھا ہے کہ ’’میں پھر آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ ان باتوں اور راجیہ سبھا میں کی گئی یقین دہانی کے پیش نظر آپ وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ کو ہدایت دیتے ہوئے یہ یقینی بنائیں کہ ہلدوانی میں میرے جلسۂ عام کے بعد رام لیلا میدان پر ہوئے شدھی کرن کے اس واقعہ میں ملوث اشخاص اور تنظیموں پر ایف آئی آر درج کریں۔‘‘