واشنگٹن : آئی فون 18 پرو کی قیمت میں 200 ڈالر تک اضافے کا امکان ہے ، تاہم قیمتوں کا اعلان ایپل کے 9 ستمبر کو ہونے والے ایونٹ میں متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق ایپل کے آئندہ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے پرو ماڈلز کے مقابلے میں 10 سے 20 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ ٹیکنالوجی ریسرچ فرم کی جانب سے کہا گیا کہ قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے بعد آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1,249 سے 1,299 ڈالر جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1,349 سے 1,399 ڈالر تک ہوسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون، جسے ممکنہ طور پر آئی فون الٹرا کہا جارہا ہے کی ابتدائی قیمت 2,099 سے 2,299 ڈالر کے درمیان ہوسکتی ہے، جبکہ زیادہ اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 3 ہزار ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ٹرینڈ فورس کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ میموری چپس کی بڑھتی ہوئی لاگت ہے، 256 جی بی میموری چپ کی قیمت میں ایک سال کے دوران تقریباً 400 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ 256 جی بی پرو ماڈل کی مجموعی پیداواری لاگت بھی تقریباً 38 فیصد بڑھ چکی ہے۔تاہم ایپل ممکنہ طور پر لاگت میں ہونے والے مکمل اضافے کا بوجھ صارفین پر منتقل کرنے کے بجائے اپنے منافع میں کمی کے ذریعے کچھ حصہ برداشت کرے گا۔رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 کا عام ماڈل موسمِ بہار 2027 تک متعارف ہونے کی توقع ہے اور اس کی قیمت میں بھی 10 سے 20 فیصد تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔آئی فون 18 سیریز کی حتمی قیمتوں کا اعلان ایپل کے 9 ستمبر کو ہونے والے ایونٹ میں متوقع ہے۔