مجھے ٹرمپ کے مقابلے ایک ٹیکسی ڈرائیور کی بات زیادہ قابلِ اعتبار لگتی ہے: ایرانی جنرل

Wait 5 sec.

تہران(22 اگست 2026): ایران کے سینئر مشیر اور جنرل محمد رضا نقدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کی باتوں کو بچکانہ قرار دیا ہے۔ امریکا اور تہران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور معاشی دباؤ کے تناظر میں پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کے ایک سینئر مشیر اور جنرل محمد رضا نقدی نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ امریکی صدر کے بیانات کے مقابلے میں ایک عام ٹیکسی ڈرائیور کے لفظ پر زیادہ اعتماد کرتے ہیں۔جنرل محمد رضا نقدی کا کہنا تھا کہ موجودہ امریکی صدر میں طویل مدتی وژن کا فقدان ہے اور ان کے بیانات کسی بنیادی حقیقت یا مستقل مزاجی سے عاری ہوتے ہیں۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکی قیادت کے بدلتے ہوئے بیانات نے دنیا بھر میں امریکا کی ساکھ کو کمزور کیا ہے وہ اپنے عوامی بیانات کے نتائج کا 24 گھنٹے بعد بھی ادراک نہیں کرپاتے ہیں۔یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی ڈیڈلاک، فوجی دباؤ اور آبنائے ہرمز کے معاملے پر محاذ آرائی جاری ہے۔اس سے قبل ایران کے پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف احمد وحیدی نے بھی کہا تھا کہ ایران کو دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی جارحانہ اور دفاعی صلاحیتوں میں تیزی سے اضافہ کرنا ہوگا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میری لینڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ فوجی کارروائی کا امکان ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ شدید معاشی مشکلات کے باعث تہران اپنی فوج اور پولیس کو تنخواہیں دینے کی پوزیشن میں بھی نہیں ہے اور واشنگٹن کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے۔