میری لینڈ(22 اگست 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر معاشی دباؤ میں اضافے کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ فوجی کارروائی کا امکان ختم ہو گیا ہے۔میری لینڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو اس وقت شدید معاشی اور فوجی مشکلات کا سامنا ہے، یہاں تک کہ وہ اپنی فوج اور پولیس اہلکاروں کو تنخواہیں ادا کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر واشنگٹن کا مکمل کنٹرول حاصل ہے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران مذاکرات اور معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم وہ ایک درست اور منصفانہ معاہدے کے لیے تیار نہیں ہو رہا۔دوسری جانب جنوبی کیرولائنا میں سینیٹر ڈارلین گراہم کی حمایت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس اب بحریہ، فضائیہ، ریڈار، فنی آلات اور دفاعی ساز و سامان کی تیاری کی صلاحیت نہیں رہی۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی قیادت ختم ہو چکی ہے، دوسری سطح کی قیادت بھی ختم ہو چکی ہے جبکہ تیسری سطح کی قیادت کے بھی کچھ ارکان مارے جا چکے ہیں۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران دنیا کا واحد ملک ہے جہاں کوئی صدر نہیں بننا چاہتا، جب پوچھا جاتا ہے کہ صدر کون بنے گا تو جواب ملتا ہے کہ نہیں، میں صدر نہیں بننا چاہتا۔