بھارت میں بیٹے کی جانب سے آئی فون کی ضد نے ہنستا بستا گھر اُجاڑ دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے ضلع چھترپتی سمبھاجی نگر کے تِسگاؤں میں ‘کھاوَلیہ’ پہاڑی پر جمعہ 21 اگست کو 19 سالہ کُنتال چھنگُوڑے، 48 سالہ والد مُرلیدھر ور والدہ سنگیتا کی پہاڑی سے گرنے سے موت واقع ہو گئی۔19 سالہ نوجوان اپنے آئی فون کی قسطیں ادا نہ کر پانے کی وجہ سے پریشان تھا۔ اس نے پہاڑی پر چڑھ کر اپنی جان دینے کی دھمکی دی۔ والدین اسے سمجھانے اور بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی دوران جب والد نے اسے محفوظ جگہ پر کھینچنے کی کوشش کی تو دونوں کا توازن بگڑ گیا اور وہ پہاڑی سے نیچے گر گئے۔ اس حادثے میں باپ اور بیٹے کی موت ہو گئی۔ دلبرداشتہ والدہ نے بھی اسی جگہ سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔نوجوان کے والد مُرلیدھر ٹرک ڈرائیور تھے۔ دو دن پہلے ہی گھر لوٹے تھے۔ کُنتال نے گھر پر یہ کہہ کر جھگڑا شروع کر دیا کہ اس کے آئی فون کی قسط باؤنس ہو گئی ہے۔ والد نے سمجھانے کی کوشش کی لیکن اس نے ان کی کوئی بات نہیں سنی۔جھگڑے کے بعد کُنتال خودکشی کے ارادے سے ‘کھاوَلیہ’ پہاڑی پر چڑھ گیا۔ صبح 10 بجے اس کے وہاں پہنچنے کے بعد دیہاتیوں نے اسے سمجھانے کی کوشش کی۔ پولیس بھی موقع پر پہنچی اور اسے بچانے کی پوری کوشش کرتی رہی لیکن وہ ناکام رہے۔رپورٹ کے مطابق کنال ہونہار طالب علم تھا۔ اس نے اپنے 10ویں جماعت کے امتحانات میں 92 فیصد نمبر حاصل کیے اور فی الحال نیٹ کی تیاری کر رہا تھا۔ پچھلے سال اس نے آئی فون مانگنے کے لیے پہاڑی پر چڑھ کر خودکشی کی کوشش کی۔ اس کے بعد والدین نے اس کے لیے قسطوں پر فون خریدنے کا بندوبست کیا۔ تاہم اسے قسطیں ادا کرنے میں مشکل پیش آئی۔ اس بار بھی اسی آئی فون پر قسطیں ادا نہ کرنے کی وجہ سے اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔کنال کا بڑا بھائی بھی چند سال قبل بیماری کی وجہ سے چل بسا تھا جس کی وجہ سے خاندان پہلے ہی شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔