نیپال اور تبت میں قیامت خیز سیلاب، 9 افراد ہلاک، 384 لاپتا!

Wait 5 sec.

کھٹمنڈو (26 اگست 2026) : نیپال اور تبت کے سرحدی علاقے میں آنے والے زلزلے اور سیلاب نے قیامت صغریٰ بپا کردی، مختلف حادثات میں کم از کم 9 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔زلزلے کے بعد برف اور چٹانوں کا تودہ دریا میں گرنے سے ہر طرف تباہی مچ گئی، سڑکیں، پل اور مکانات کاغذ کی مانند بہہ گئے، اب تک 384 شہری لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق تباہ کن سیلابی ریلے نے سڑکوں، پلوں، مکانات اور بجلی کے منصوبوں کو نقصان پہنچایا، جبکہ مٹی کے تودے نے تبت سے ملحقہ اہم زمینی گزرگاہ گیرونگ پورٹ کو بھی متاثر کیا، جس کے باعث سڑکوں، مواصلاتی نظام اور بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔حکام کے مطابق تاحال 384 افراد لاپتا ہیں، جن میں 105 بھارتی، 93 نیپالی، 3 امریکی اور 12 برطانوی شہری شامل ہیں۔نیپال میں پن بجلی کے منصوبے پر کام کرنے والے 8 جنوبی کوریائی شہری بھی لاپتا افراد میں شامل ہیں۔ دیگر لاپتا افراد میں 17 ملائیشین، 4 جنوبی افریقی جبکہ آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کا ایک، ایک شہری شامل ہے۔نیپال کے متعلقہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ خطرہ ابھی مکمل طور پر ٹلا نہیں کیونکہ دریا کے بالائی حصے میں رکاوٹ بدستور موجود ہے، جس کے باعث دوسرے سیلاب کا خدشہ برقرار ہے۔