تہران (28 اگست 2026): امریکا اور ایران کے درمیان 6 ماہ سے جاری کشیدگی اور جنگ کے معیشت پر منفی اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا اور ایران جنگ کو 6 ماہ ہو چکے ہیں، جنگ کے معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات اب نمایاں ہونے لگے ہیں اور ایران میں 20 ہزار مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں تقریباً 20 ہزار مزدور بے روزگار ہو گئے۔ جنگ کے سبب بندرگاہی سرگرمیوں میں رکاوٹ اور کاروباری مشکلات کے باعث کمپنیوں نے ملازمین کی تعداد اور کام کے اوقات کم کرنا شروع کر دیے ہیں۔بعض کمپنیوں نے ملازمین کے کام کے دن کم کر کے ماہانہ صرف 10 دن کر دیے ہیں۔ رجائی بندرگاہ کے اطراف بھی عملے میں کمی کی گئی ہے، جبکہ بندر عباس کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل نے چار ماہ بند رہنے کے بعد اپنے تمام ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔جنگ کے باعث آبنائے ہرمز میں شپنگ سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں، جس نے ایران کی معیشت اور روزگار پر مزید دباؤ بڑھا دیا ہے۔