دہلی اور اس سے ملحقہ این سی آر میں منگل کی صبح سے ہی موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ آسمان سیاہ ہے اور گھنے بادل یہ بتا رہے ہیں کہ صبح سویرے شروع ہوئی یہ بارش دیر تک جاری رہے گی۔ اسی کے پیش نظر محکمۂ موسمیات نے آج کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے، ساتھ ہی احتیاط برتنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ اگلے چند گھنٹوں تک بارش کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ریڈ الرٹ کے تحت آندھی اور طوفان کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔دہلی میں منگل کی صبح کہیں 6:30 بجے تو کہیں 7:00 بجے سے زوردار بارش ہو رہی ہے۔ اسکول اور کالج جانے والے طلبا کو اس کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ زیادہ تر اسکولوں میں ’رینی ڈے‘ کا اعلان کر دیا گیا۔ اس بارش نے معمولاتِ زندگی کو پوری طرح متاثر کر دیا ہے۔ کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو ٹریفک جام میں پھنسنا پڑا۔ جگہ جگہ پانی بھر جانے سے سڑکوں پر چلنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔