تہران : ایرانی ریال کی قیمت مسلسل گراوٹ کے بعد تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی اور ایک ڈالر 20 لاکھ ریال سے تجاوز کرگیا۔تفصیلات کے مطابق ایرانی ریال کی قدر میں مسلسل گراوٹ کے بعد امریکی ڈالر کے مقابلے میں نئی تاریخی کم ترین سطح ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر کی قیمت تقریباً 20 لاکھ 20 ہزار ریال تک پہنچ گئی۔ایرانی ریال 20 لاکھ 20 ہزار ریال فی ڈالر کی سطح پر جا پہنچا، جبکہ مارچ کے آغاز میں ایک ڈالر کی قیمت تقریباً 15 لاکھ 30 ہزار ریال تھی۔ایرانی کرنسی کی قدر میں یہ تاریخی گراوٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا نے ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے لیے "آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ” کا آغاز کردیا ہے۔امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف "اقتصادی ڈی ڈے” کی وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر مالی دباؤ بڑھانے کے لیے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف اپنی تاریخ کی سب سے بڑی مالی کارروائی شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی گزشتہ ہفتے خبردار کیا تھا کہ ایران کی مدد کرنے والے ممالک کو اقتصادی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی نے کہا ہے کہ پابندیوں اور جنگ کے باعث ملک کی تیل برآمدات شدید متاثر ہوئی ہیں اور تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی تقریباً ختم ہوچکی ہے۔ایران پہلے ہی امریکی پابندیوں، بڑھتی مہنگائی، توانائی کی قلت، کمزور کرنسی اور تجارتی رکاوٹوں کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ جاری جنگ نے اقتصادی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔