تہران(24 اگست 2026): ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے ایک سخت نیا انتباہ جاری کیا ہے۔ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے ایک سخت نیا انتباہ جاری کیا ہے، جس کے تحت ایرانی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے بعض بحری جہازوں کو آئندہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران جرمانے، حراست یا ضبطی جیسی سنگین پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایران کی جانب سے قائم کردہ ’پرشین گلف واٹر وے مینجمنٹ اتھارٹی‘ نے اس حوالے سے باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ادارے نے ان کارگو مالکان اور تاجروں کو، جو آبنائے ہرمز کے ذریعے اپنا سامان منتقل کرنا چاہتے ہیں، خصوصی مشورہ دیا ہے کہ وہ جہاز کرائے پر لینے سے قبل ’خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کی فہرست‘ سے متعلق مکمل معلومات حاصل کر لیں۔ادارے کی جانب سے خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے ناموں کا پتہ لگانے کے لیے ایک خصوصی ویب سائٹ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔اس نظام کے تحت نہ صرف قانون شکنی کرنے والے جہاز بلکہ انتباہ کے باوجود ایسے جہازوں کے ساتھ تعاون کرنے والے دیگر بحری جہازوں کو بھی خلاف ورزی کرنے والوں کی فہرست میں شامل کر دیا جائے گا۔