امریکا کا پاسدارانِ انقلاب کے اہم رہنماؤں کی معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان

Wait 5 sec.

واشنگٹن(25 اگست 2026): امریکا نے پاسدارانِ انقلاب کے اہم رہنماؤں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر تک انعام کا اعلان کر دیا ہے۔امریکا نے ایران کے خلاف سخت دباؤ کی نئی مہم کا آغاز کرتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کے اہم رہنماؤں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کے لیے ایک کروڑ ڈالر تک کے انعام کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ ایران سے منسلک درجنوں اداروں اور افراد پر نئی پابندیاں بھی عائد کر دی گئی ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ مطلوب افراد کی فہرست میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر احمد وحیدی سرفہرست ہیں، جبکہ خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹرز کے سربراہ علی عبداللہی بھی اس میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ ایرانی ایرواسپیس فورس ڈرون یونٹ کے کمانڈر سعید آقاجانی، سائبر الیکٹرانک کمانڈ کے سربراہ حمیدرضا لشگریان اور پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلی جنس دفتر کے کمانڈر مجید خادمی کو بھی اس فہرست میں نمایاں کیا گیا ہے۔ادھر امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے پریس کانفرنس کے دوران ایران سے منسلک تقریباً ساٹھ اداروں، افراد اور بحری جہازوں پر نئی پابندیوں کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پابندیوں کا براہِ راست تعلق ایران کے جوہری، میزائل، سائبر اور تیل کے نیٹ ورکس سے ہے۔امریکی حکام نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی ہے کہ چین سمیت کوئی بھی ملک امریکی پابندیوں کے دائرہ کار سے باہر نہیں ہے۔ ایران کی حمایت یا تعاون کرنے والے ہر ملک کو امریکی پابندیوں اور انتباہات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔واشنگٹن کی جانب سے متعلقہ ممالک کو ایک ڈیڈلائن بھی دی گئی ہے، اور واضح کیا گیا ہے کہ اگر متعلقہ فریقین نے خود کارروائی نہ کی تو امریکا اپنے اتحادیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے یکطرفہ کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔