تہران(25 اگست 2026): ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف اقتصادی جنگ کا سلسلہ جاری رہا تو وہ آبنائے ہرمز سے تیل کا ایک قطرہ بھی گزرنے نہیں دیں گے۔محسن رضائی کا کہنا تھا کہ ایران پر بار بار عائد کی جانے والی امریکی پابندیاں کبھی بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئیں اور ماضی میں بھی اس طرح کے تمام اقدامات اپنے مقاصد میں ناکام ہو چکے ہیں۔دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تیل برآمد کرنے کے حوالے سے امریکی دعوے حقیقت کے برعکس اور محض نفسیاتی جنگ کا حصہ ہیں۔دریں اثنا، اہم سفارتی پیش رفت کے تحت آبنائے ہرمز اور دیگر بحری گزرگاہوں کی سکیورٹی اور صورتحال سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان آج اہم بات چیت متوقع ہے۔علاوہ ازیں، تہران نے بلغاریہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی طیاروں کو ری فیولنگ (ایندھن کی فراہمی) کی سہولیات دینے سے باز رہے، بصورت دیگر اسے سنگین نتائج اور حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔