امپائر پر حملہ کرنے والا بلے باز 36 سال بعد ڈرامائی انداز میں گرفتار

Wait 5 sec.

ممبئی : بیٹنگ کرتے ہوئے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دینے پر بلے باز کا پارہ ہائی ہوگیا، غصے میں بیٹ سے امپائر پر حملہ کرکے فرار ہوگیا، ملزم 36 سال بعد ڈرامائی انداز میں پکڑا گیا۔بھارت کے شہر ممبئی میں پولیس نے کرکٹ میچ کے دوران ایل بی ڈبلیو کے فیصلے پر امپائر پر مبینہ طور پر بیٹ سے حملہ کرنے والے 55 سالہ شخص کو 36 سال بعد گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق واقعہ 1990 میں بوریولی میں کھیلے جانے والے ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران پیش آیا تھا، جہاں اوم پرکاش پاسی نامی بلے باز کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا۔ فیصلے پر مشتعل ہوکر پاسی نے مبینہ طور پر امپائر سے بحث کی اور پھر کرکٹ بیٹ سے اس کے سر پر حملہ کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حملے کے نتیجے میں امپائر کو شدید چوٹیں آئیں۔ واقعے کی میڈیکل رپورٹ اور شکایت کی بنیاد پر بوریولی پولیس نے 1990 میں پاسی کے خلاف اقدامِ قتل سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔مقدمے کے بعد ملزم پولیس کی گرفت سے بچتا رہا اور گزشتہ 36 برس سے مفرور تھا۔ پولیس نے حالیہ تحقیقات کے دوران روایتی تفتیش کے ساتھ تکنیکی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کا سراغ لگایا۔پولیس کے مطابق سنجے سیتو (Sanchar Saathi) نظام سے حاصل ہونے والی معلومات کی مدد سے ملزم کے نام پر رجسٹرڈ موبائل نمبر کا پتا لگایا گیا، جس کی لوکیشن میرا روڈ سامنے آئی۔پولیس اہلکار جب میرا روڈ پہنچے تو انہوں نے مقامی شخص سے اوم پرکاش پاسی کے بارے میں دریافت کیا۔ دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب پولیس اہلکاروں کے سوال کا جواب دینے والا شخص خود اوم پرکاش پاسی نکلا۔پولیس نے اسے موقع سے گرفتار کرلیا، دورانِ تفتیش ملزم نے مبینہ طور پر 1990 میں امپائر پر حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔چٹکی بجا کر امپائر کو دھوکا دینے والے کرکٹر کے ساتھ کیا ہوا؟