بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے کا الزام ، میٹا 16.7 ارب ڈالر جرمانے پر رضامند

Wait 5 sec.

نیویارک : امریکا میں بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے کا الزام ثابت ہونے پر میٹا 16.7 ارب ڈالر جرمانے پر رضامند ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے اور پلیٹ فارم کے استعمال کے نقصانات چھپانے کے الزام پر میٹا کے خلاف دائر مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔امریکی ریاستوں کے ساتھ معاہدے کے تحت میٹا 16.7 ارب ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر رضامند ہوگیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 47 کھرب روپے بنتے ہیں۔امریکی ریاستوں نے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ میٹا نے کم عمر صارفین کو سوشل میڈیا کی جانب راغب کیا اور بچوں پر اس کے ممکنہ نقصانات سے متعلق معلومات چھپائیں۔معاہدے کے تحت 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے روزانہ سوشل میڈیا استعمال کی حد 2 گھنٹے مقرر کرنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔نئے حفاظتی اقدامات کے تحت بچوں کو رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک سوشل میڈیا تک رسائی نہیں ہوگی، جبکہ کم عمر صارفین کی عمر کی سخت تصدیق بھی لازمی قرار دی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق یہ حفاظتی پابندیاں 10 سال تک برقرار رہیں گی۔اس معاہدے کو کم عمر صارفین کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق امریکی ریاستوں کی جانب سے ٹیکنالوجی کمپنیوں پر عائد کیے جانے والے بڑے اقدامات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔