لارڈس میں جمعرات سے انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ شروع ہوا، جس کے پہلے دن براڈکاسٹر نے عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کیا۔ عمران اس وقت پاکستان واقع اڈیالہ جیل میں ہیں، جن کی صحت کو لے کر ان کے بیٹوں نے اس انٹرویو میں تشویش ظاہر کی اور کہا کہ انہیں اپنے والد کی زندگی کے بارے میں بھی خوف ہے۔ اس انٹرویو کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ناراض ہو گیا ہے۔ اس نے براڈکاسٹر ’اسکائی اسپورٹس‘ کے خلاف باقاعدہ شکایت بھی درج کرائی ہے۔’کرک انفو‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق لارڈس ٹیسٹ کے دوران عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو سے پاکستان کرکٹ بورڈ اتنا ناراض ہو گیا کہ اس نے احتجاج کے طور پر وقفہ کے بعد ٹیم کو میدان میں نہ بھیجنے کے متبادل پر بھی غور کیا تھا۔ مبینہ طور پر انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر انٹرویو نشر کیا گیا تو لنچ کے بعد ان کی ٹیم میدان میں نہیں اترے گی۔ اس دوران ’اسکائی اسپورٹس‘ نے کچھ دیر کے لیے انٹرویو روک دیا تھا، لیکن بعد میں 18 منٹ کا انٹرویو نشر کر دیا۔ انٹرویو جب ختم ہوا تو پاکستان کے کھلاڑی دوسرے سیشن کے لیے میدان میں اترنے کی تیاری کر رہے تھے۔عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو انگلینڈ کے سابق کپتان مائک ایتھرٹن نے کیا، جو اب بھی ’اسکائی اسپورٹس‘ کے ساتھ وابستہ ہیں۔ اس میں عمران کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان نے اپنے والد کی صحت کو لے کر تشویش ظاہر کی۔ عمران 3 سال سے جیل میں ہیں۔ الزام لگتے رہے ہیں کہ پاکستان کے سابق کرکٹر اور سابق وزیر اعظم عمران کو جیل میں مناسب علاج نہیں ملتا۔ ان کے بیٹوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے والد کو مناسب طبی سہولت ملنی چاہیے۔PCB threatened Lord’s Test boycott after Sky Sports telecast interview of Imran Khan’s two sons recorded at the Lord’s Cricket GroundPCB wants SKY to not air the interview, or else they won't take the field post-lunch Here's the full interview pic.twitter.com/vCy5ZVwDGQ— Ajay Jadeja (@AjayJadeja171) August 28, 2026اس انٹرویو کا ٹیزر ’اسکائی اسپورٹس‘ پہلے ہی جاری کر چکا تھا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انٹرویو نشر کیا گیا تو ان کی ٹیم لنچ کے بعد میدان میں کھیلنے نہیں آئے گی۔ اس کے بعد ’اسکائی اسپورٹس‘ نے انٹرویو کچھ دیر کے لیے روک بھی دیا تھا، لیکن بعد میں اسے مکمل 18 منٹ تک نشر کیا گیا۔ تاہم جب تک انٹرویو ختم ہوا، پاکستانی کھلاڑی میدان میں اترنے کی تیاری کر رہے تھے اور میچ مقررہ وقت کے مطابق ہی دوبارہ شروع ہوا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ پاکستان میں اس سیریز کی نشریات کرنے والے پی ٹی وی نے عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر نہیں کیا۔واضح رہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتہ حکم دیا تھا کہ سابق وزیر اعظم کو اسلام آباد کے شفا اسپتال میں داخل کرایا جائے۔ تاہم اس کے باوجود انہیں سرکاری اسپتال لے جایا گیا اور جانچ کے کچھ ہی دیر بعد واپس جیل بھیج دیا گیا۔ عمران خان کے بیٹوں اور بہنوں نے الزام لگایا کہ یہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی تھی۔ ان کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ عمران کو ان کے ذاتی ڈاکٹرز سے ملنے دیا جائے۔